ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم ایک تحریک ہے، کچھ نہ کچھ تو ہونا چاہیے،ایم کیوایم سیاسی وژن رکھتی ہے۔فاروق ستار ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کے ہونے جارہے اتحاد کے حوالے سے اظہار خیال کر رہے تھے۔اس حوالے سے پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کہتے ہیں کہ جو جدوجہد کررہے ہیں وہ عوام کے لیے ہے، ہمارے پاس اچھی خبر ہے،جس سے جلد ہی میڈیا کو آگاہ کریں گے۔رہنما ایم کیو ایم پاکستان کے فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ نہ ہم کہیں جا رہے ہیں، نہ فاروق ستار کہیں جا رہے ہیں، ہمارا اجلاس ہو رہا ہے، اس کے بعد پریس کانفرنس کریں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ اگر گرینڈ الائنس ہے تو خوش آئند بات ہے،یہ شہر وسیع تر اتحاد دیکھنا چاہتا ہے۔پی ایس پی کے رہنما رضاہارون نے اس ضمن میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس پی اورایم کیو ایم پاکستان کااجلاس ہورہاہے،جو ہوگا سامنے آجائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی ہوسندھ کےشہری علاقوں سمیت تمام عوام کے لیے بہتر ہو،فیصلہ پاکستان کےعوام کےلیے ہوگا۔