واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود ’بوڑھا‘ کہنے پر شمالی کوریا کے رہنما کن جونگ کو ’پست قد اور موٹا‘ قرار دیدیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انھیں ’بوڑھا‘ کہنے کہ جواب میں کم جونگ کو ’پست قد اور موٹا‘ کا لقب دیدیا۔ تاہم اس کے باوجود انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کے ساتھ ان کی دوستی ہو جائے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ کا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ کسی طرح کِم جونگ اُن سے دوستی ہو جائے، شاید یہ کسی روز ہو بھی جائے لیکن ایسا کب ہو گا؟ اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
ویتنام میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ خطے میں تنازعات کو حل کروانے کے لیے ثالث کا کردار ادا کرنے پر تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کی کم جونگ سے دوستی ہوئی تو یہ شمالی کوریا کے لیے بہت اچھا ہو گا اور اس سے دوسرے ممالک اور دنیا کو بھی فائدہ ہو گا۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ان دنوں ایشیا کے دورے پر ہیں اور ان دنوں ویتنام میں قیام کیے ہوئے ہیں۔