تیانجن: چینی لائبریری میں ایلومینیم سے اس قدر خوبصورت ڈیزائن تیار کئے گئے ہیں کہ انہیں دیکھ کر کتابوں کا گمان ہوتا ہے چین میں انتہائی خوبصورت اور دلچسپ ڈیزائن پر مشتمل شاندار لائبریری تیار کی گئی ہے مگر جب اس کی نفیس سفید شیلفوں پر نظر دوڑائی جائے تو کچھ عجیب سا محسوس ہوتا ہے
لائبریری کی شیلفوں میں کتابوں کے ڈھیر رکھے نظر آتے ہیں لیکن حقیقت میں وہ آنکھوں کا دھوکہ ہوتا ہے اور قریب سے دیکھنے پر ہی پتا چلتا ہے کہ حقیقی کتابوں کے بجائے وہاں ایلومینیم پلیٹس پر کتابوں کی تصاویر پرنٹ کی گئی ہیں۔
یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ لائبریری میں تصاویر ہی نہیں حقیقی کتابیں بھی موجود ہیں جن کی تعداد 2 لاکھ کے قریب ہے اور اسے 12 لاکھ تک لے جانے کا منصوبہ ہے۔ تیانجن بین ہائی لائبریری کے افتتاح کے بعد سے ہی اس کی تصاویر چینی سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں اور شہریوں نے اسے ’’دنیا کی بہترین لائبریری‘‘ قرار دیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اس شاندار اور وسیع و عریض لائبریری میں ہفتہ وار چھٹیوں میں تقریباً 15 ہزار کے قریب کتابوں کے شوقین آتے ہیں۔