کراچی: انسداد دہشتگردی عدالت نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو میں دہشتگردوں کو پناہ دینے کے الزام میں عامر خان اور منہاج قاضی پر فرد جرم عائد کردی جب کہ سٹی کورٹ نے ہنگامہ آرائی کیس میں میئر کراچی وسیم اختر اور ایم کیو ایم رہنما اظہارالحسن پر چارج شیٹ عائد کردی۔
ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو میں دہشت گردوں کو پناہ دینے کے الزام میں نامزد عامر خان اور منہاج قاضی کو کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے عدالت میں بیان دیا کہ عامر خان اور دیگر کے خلاف ایم کیو ایم کے مرکز نائن ریرو میں دہشت گردوں کو پناہ دینے کا مقدمہ درج ہے اور اس کیس میں دونوں ملزمان ضمانت پر رہا ہیں جب کہ دیگر مفرور ملزمان رئیس مما، عمران اعجاز نیازی اور نعیم کو اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔
عدالت نے مقدمے میں نامزد عامر خان اور منہاج قاضی پر فردِ جرم عائد کردی اور ملزمان سے استفسار کیا کہ آپ دونوں پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام ہے کیا آپ فردِجرم قبول کرتے ہیں۔ دونوں ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کردیا۔ عدالت نے 4 دسمبرکو گواہان کو پیش کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔ دوسری جانب سٹی کورٹ میں لاؤڈ اسپیکر ایکٹ، ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کیس میں میئر کراچی وسیم اختر، ایم کیو ایم رہنما اظہارالحسن، ساتھی اسحاق و دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی۔ ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کردیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے گواہوں کو 11 دسمبر کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔