کیرالہ: آج کل سوشل میڈیا پر 12 سالہ بھارتی لڑکی کی بڑی دھوم ہے جو 80 مختلف زبانوں میں گانے گاچکی ہے اور اس لڑکی کے مداح صرف بھارت میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں بھی موجود ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ کی 12 سالہ سچیتا ستیش ساتویں جماعت میں پڑھتی ہے لیکن آج کل وہ اپنے والدین کے ہمراہ متحدہ عرب امارات میں رہائش پزیر ہے۔ سچیتا کی خاص بات یہ ہے کہ وہ پورے سروں اور تال کے ساتھ دنیا بھر کی 80 مختلف زبانوں میں گانا گا سکتی ہے، ابتدا میں وہ صرف انگریزی میں گانا گاتی تھیں پھر جاپانی زبان میں گانا گانے پر انہیں بہت زیادہ سراہا گیا تو انہوں نے دیگر زبانوں میں بھی گانا گانے کا سوچا اب وہ رواں برس 25 دسمبر کو ایک کنسرٹ میں 85 زبانوں میں گانے گا کر اپنی مہارت کا ثبوت دینے کی تیاریاں کررہی ہیں اور اگر انہوں نے یہ کارنامہ انجام دے دیا تو وہ دنیا میں سب سے زیادہ زبانوں میں گانا گانے والی گلوکارہ بن جائیں گی۔
سچیتا کا دعویٰ ہے کہ اس نے صرف ایک سال میں 80 زبانوں میں گانا سیکھا ہے۔ عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے کے لیے سچیتا نے مزید 5 زبانوں میں گانے سیکھنے کی ٹھانی ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت ایک میوزک کنسرٹ میں سب سے زیادہ زبانوں میں گانا گانے کا ریکارڈ ایک بھارتی راجو شری نواس کے پاس ہے جنہوں نے 76 زبانوں میں گانے گائے تھے۔