جاپان میں جشن عید میلاد النبی کے حوالے سے ٹوکیو کے مرکز ٹوکیو ٹاور کے عقب سے بہت بڑا جلوس نکالا گیا جس کی صدارت جاپان کی معروف مذہبی و سماجی شخصیت رئیس صدیقی نے کی۔
جلوس میں معروف مذہبی و سیاسی شخصیات جن میں حافظ مہر شمس، قاری علی حسن، الحاج فواد سمیت بہت بڑی تعداد میں عاشقان رسول ﷺ موجود تھے، جلوس ٹوکیو کے مختلف علاقوں سے گزرتا ہوا ٹوکیو ٹاور کے عقب میں اختتام پذیر ہوا جہاں حافظ مہر شمس کی امامت میں مغرب کی نماز ادا کی، جلوس سے مقررین نے خطاب بھی کیا۔
اس موقع پر معروف مذہبی و سماجی شخصیت رئیس صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور اکرم ﷺ پوری دنیا کے لیے اسی مہینے میں رحمت بن کر آئے تھے اور آج ان کی آمد کے چودہ سو سال سے زائد گزر جانے کے باوجود نبی کریم ﷺْ کا نام پوری آب و تاب کے ساتھ موجود ہے۔
اس موقع پر قاری علی حسن نے کہا کہ جاپان میں بسنے والے مسلمان دنیا بھر کے مسلمانوں کی طرح خوش قسمت ہیں کہ انھیں نبی کریم ﷺ کا جشن ولادت منانے کا موقع ملا ہے۔ حافظ مہر شمس نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اسوہ حسنہ کی پیروری کریں اور اپنے اعمال سے خود کو نبی کریم ﷺ کا امتی ثابت کریں۔ الحاج فواد نے خوبصورت نعت سے حاضرین کے دینی جوش کو گرمایا جبکہ راستے بھر مسلمان نعرہ تکبیر کے نعرے بھی بلند کرتے رہے ، اس موقع پر جاپانی پولیس نے جلوس کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جبکہ شرکاء جاپانی زبان میں بھی دین اسلام کے بارے میں خطاب کرتے رہے تاکہ جاپانی شہریوں کو بھی دین اسلام سے آگاہی ہوسکے۔