ہسپتالوں سے سیکڑوں زخمیوں کو اٹھا لیا گیا، عالمی تنظیمیں صنعا میں محصور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے کردار ادا کریں: یمنی وزیر
یمن کے وزیر برائے انسانی حقوق محمد عسکر نے کہا ہے کہ ایران نواز حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعا میں قتل عام کا بازار گرم کر رکھا ہے، حوثی دہشت گردوں نے گزشتہ چار روز میں صنعا میں سابق مقتول صدر علی عبداﷲ صالح کے 1000 سے زائد حامیوں کو قتل کر دیا ہے۔ یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں یمنی وزیر برائے انسانی حقوق نے بتایا کہ حوثی باغیوں نے صنعا کے ہسپتالوں میں لائے گئے سیکڑوں زخمیوں کو بھی اٹھا لیا ہے۔ باغی جنگجو پُرامن احتجاجی مظاہرین کو طاقت سے کچلنے اور خواتین کے ساتھ بھی توہین آمیز سلوک کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ محمد عسکر نے انسانی حقوق کی علاقائی اور عالمی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ حوثی مجرموں اور انسان دشمن عناصر کے جرائم بے نقاب کرنے اور صنعا میں محصور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ اُن کا کہنا ہے کہ یمنی باغیوں سے نجات کا واحد حل اقوام متحدہ کی قرارداد 2216 پر عمل درآمد میں مضمر ہے ۔ اس قرارداد میں تمام متحارب فریقین میں مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل، متفقہ دستور کی تیاری پر زور دینے کے ساتھ یمن کی وحدت برقرار رکھنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔