لاہور(ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر دوستی کا محبت میں بدل جانا اور پھر اس محبت کا شادی کے ذریعے امر ہوجانا ایک ناممکن امر سمجھا جاتا تھا لیکن اب گزشتہ کچھ دنوں سے پاکستان میں اس قسم کے محبت نامے بڑی تیزی کے ساتھ لکھے جارہے ہیں اور کامیاب بھی ہو رہے ھیں ایسی ہی ایک منفرد پریم کہانی برازیل کی خاتون نے جھنگ کے نوجوان سے شادی کر لی فیس بک پر دوستی محبت میں کیا بدلی، 30 سالہ پاکستانی نوجوان کی محبت میں گرفتار برازیل کے شہر ساﺅپالو کی رہائشی 35 سالہ خاتون شادی کرنے جھنگ پہنچ گئیں۔خاندان کے افراد سے خاتون کی ملاقات کے بعد دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔جھنگ کے گاﺅں چک بلوچاں کے رہائشی 30 سالہ وقاص انجم کی برازیل کے شہر ساﺅ پالو کی رہائشی 35 سالہ ایلے سندرا سے 3 سال قبل فیس بک پر دوستی ہوئی، دوستی محبت میں بدلی اور ایلے سندرا نے وقاص کو شادی کے لیے پروپوز کر دیا۔اس کے بعد دونوں کی پہلی ملاقات 3 ماہ قبل دبئی میں طے پائی جہاں ایلے نے اسلام قبول کیا اور واپس اپنے ملک برازیل چلی گئیں۔اس بار 12 جولائی کو ایلے جھنگ پہنچیں اور 13 جولائی کو دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے، ایلے کی یہ دوسری شادی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ وقاص انجم سے شادی کر کے بہت خوش ہیں۔وقاص انجم کاشتکاری سے منسلک ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ایلے کو شروع میں یہاں کا ماحول سمجھنے میں مشکل پیش آئی، تاہم اب وہ مشترکہ خاندانی نظام کے باوجود خوش و خرم زندگی گزار رہی ہیں۔نوبیاہتا جوڑے کا ماننا ہے کہ محبت کا جذبہ اگر سچا ہو تو سات سمندر بھی راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتے۔