کوئٹہ ؛ تحریک انصاف اور بی این پی کے درمیان 6 نکاتی فارمولے پر اتفاق ہوگیا۔ پی ٹی آئی کے رہنماﺅں شاہ محمود اور جہانگیر ترین نے بی این پی کے سربراہ اختر مینگل اور دیگر رہنماﺅں سے ملاقات کی۔ مشترکہ پریس کانفرنس سے بات کرتے ہوئے اختر مینگل نے کہا
پی ٹی آئی سمیت دیگر جماعتوں کے سامنے بھی اپنے نکات رکھے ہیں۔ بلوچستان مسائل کے حل کیلئے سب کی نیت صاف ہونی چاہیے۔ پی ٹی آئی نے ہماری باتوں سے اتفاق کیا ہے۔ گزشتہ 70سال سے بلوچستان کے عوام مشکلات کا شکار ہیں۔ بی این پی اور اور پی ٹی آئی نے تاریخی دستاویز پر دستخط کیے ہیں۔ امید ہے کہ مستقبل میں بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کوششیں کریں گے۔ عمران خان سے بھی ہماری تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ ہمارے 6نکات پر پی ٹی آئی قیادت نے اتفاق کیا۔ چاہتے تھے کہ یقین دہانی کرائی جائے کہ ان مسائل کو حل کیا جائے گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا ہماری بیٹھک سے وفاق کی سوچ مضبوط ہوئی ہے۔ بی این پی سے ہمارے مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔ مل کر آگے بڑھنے کا فیصلہ ہوا ہے۔ بی این پی سے مذاکرات پر عمران خان کو اعتماد میں لیا اور منظوری لی ہے۔ ہم نے بی این پی سے ایک معاہدہ کیا ہے‘ نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور طریقے سے عمل کیا جائے گا۔ لاپتہ افراد کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ فیصلہ کیا ہے کہ ہم قومی اسمبلی میں مل کر چلیں۔ وزارت عظمیٰ کیلئے سردار اختر مینگل نے ہماری حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق معاہدے پر پی ٹی آئی کی جانب سے شاہ محمود قریشی‘ جہانگیر ترین اور سردار یارمحمد رند نے دستخط کیے۔ بی این پی کی جانب سے اختر مینگل‘ جہانزیب جمالدینی، آغا حسن بلوچ نے دستخط کیے۔معاہدے کے مطابق نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد کیا جائے گا۔ تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے بلوچستان کے آبادیاتی تشخص کا تحفظ کیا جائے گا۔ نقل مکانی کے خطرے سے بچنے کے لئے بلوچستان میں ڈیمز تعمیر کئے جائیں گے۔ وفاقی ملازمتوں میں بلوچستان کے 6 فیصد کوٹے سمیت فارن سروسز میں بھی کوٹہ پر عملدرآمد کیا جائے گا۔معاہدہ بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا ہے آئندہ حکومت کو لاپتہ افراد کی بازیابی کے معاملے کو ترجیح دینی چاہئے۔ مذکورہ افراد کے لئے تمام کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔ اگر ٹھوس اقدامات کئے جاتے تو لاپتہ افراد کا معاملہ بہت پہلے حل ہو جاتا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دور حکومت میں یہ معاملہ حل کر لیا جائے گا۔ بلوچوں کے احساس محرومی کے حوالے سے انہوں نے کہا یہ معاملہ بھی آئندہ حکومت کے سامنے اٹھائیں گے۔ قبل ازیں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ عمران خان سردار مینگل کے 6 پوائنٹ ایجنڈے کو قبول کرنے کیلئے رضامند ہیں۔