عالمی منڈی میں ایک سال کے دوران سٹیل مصنوعات کے دام 40 فیصد گر گئے لیکن مقامی مارکیٹ میں درآمدی سٹیل کے دام 15 فیصد کم ہوئے
کراچی (یس اُردو) بین الااقوامی سطح پر سٹیل کے دام گرنے کے باوجود مقامی مارکیٹ میں اس کا مکمل فائدہ عوام کو منتقل نہیں کیا جا رہا ، فی ٹن سٹیل 10 ہزار روپے تک مزید سستا ہو سکتا ہے ۔انڈسٹری ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں ایک سال کے دوران سٹیل مصنوعات کے دام 40 فیصد گر گئے لیکن مقامی مارکیٹ میں درآمدی سٹیل کے دام 15 فیصد کم ہوئے اور یہ 70 ہزار سے 82 ہزار روپے کے درمیان فروخت ہو رہا ہے ۔حکومت کی جانب سے 10 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد ہونے کے باوجود بھی اس کے ریٹ میں کمی کی گنجائش ہے لیکن تاجر اس فائدے کو عوام تک منتقل نہیں کر رہے ۔دوسری جانب سے چین سے درآمد ہونے والی اسٹیل مصنوعات 62 ہزار روپے فی ٹن کے حساب سے مارکیٹ میں دستیاب ہیں ، سٹیل کے تاجر کہتے ہیں کہ حکومت اگر اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی ختم کر دے تو یہ بازار میں 55 ہزار روپے فی ٹن کی سطح پر آسکتا ہے ۔