آسٹریلیا کو دہشتگردی کا خطرہ ہے اس لئے برقع پر پابندی عائد کی جائے، اپوزیشن سینیٹر پالین لی ہینسن کی ایوان میں تقریر
کینبرا: آسٹریلوی پارلیمنٹ میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب اپوزیشن کی خاتون سینیٹر برقع پر پابندی کے لئے اجلاس میں برقع پہن کر آ گئیں۔ حکومت کے نمائندہ سینیٹر نے سخت الفاظ میں مذمت کر دی۔ آسٹریلوی سینیٹ کا اجلاس شروع ہوا تو ایک سینیٹر برقع پہنے اجلاس میں شریک ہوئیں اور اجلاس شروع ہوتے ہی انہوں نے برقع اتار دیا۔ یہ اپوزیشن سینیٹر پالین لی ہینسن تھیں۔ برقع اتار کر انہوں نے تنگ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تقریر میں کہا کہ آسٹریلیا کو دہشتگردی کا خطرہ ہے اس لئے برقع پر پابندی عائد کر دی جائے۔ اٹارنی جنرل اور حکومتی لیڈر سینیٹر جارج برینڈس نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔ سینیٹر جارج برینڈس نے کہا آسٹریلیا میں بسنے والے مسلمان قانون کی پابندی کرتے ہیں، سینیٹر ہینسن نے برقع پہن کر ان کے مذہبی جذبات کی بے حرمتی کی ہے انہیں اپنے اس اقدام پر شرمندہ ہونا چاہئے۔