ممبئی (ویب ڈیسک ) بالی وڈ کی نئی فلم ’ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘ کے بارے میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ سال کی سب سے منفرد رومانوی کہانی ہوگی ۔ جس میں انیل کپور اپنی صاحبزادی سونم کپور کے ساتھ پہلی مرتبہ مرکزی کردار نبھا رہے ہیں ۔ شیلی چوپڑا کی ہدایات میں بننے والی فلم اس فلم کا ٹریلر گزشتہ ہفتے ریلیز ہوا، جسے مداحوں نے بہت پسند کیا۔بھارتی میڈیا کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے شیلی چوپڑا کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے انیل کپور اور سونم کپور نے پہلی مرتبہ ایک ساتھ کام کرنے کے لیے حامی بھری اور فلم کے لیے دونوں کی آف اسکرین کیمسٹری پرفیکٹ رہی۔انہوں نے کہا کہ دونوں ہی سنجیدگی سے کام کرنے والے اداکار ہیں، فلم میں اگر باپ بیٹی کا کردار ہو اور وہ حقیقت میں بھی باپ بیٹی ہوں تو فلم کے لیے یہ مضبوط رشتہ کافی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ شیلی چوپڑا کا کہنا تھا کہ فلم میں انیل اور سونم کے علاوہ راج کمار راؤ نے بھی زبردست اداکاری کے جوہر دکھائے، جبکہ جوہی چاولہ کو پہلی بار ایک مختلف کردار میں دیکھا جا سکے گا۔ہدایت کار کہتی ہیں کہ فلم کی کہانی مخلتف رشتوں کے پہلوؤں پر مبنی ہے اور ٹریلر دیکھ کر شائقین کو پتہ چل ہی گیا ہے کہ اس میں ہم جنس پرستی کا موضوع بھی شامل کیا گیا ہے، تاہم انہوں نے فلم کے حوالے سے زیادہ تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ فلم دیکھ کر انجوائے کیجیے گا۔راجکمار ہیرانی، ونود چوپڑا اور فوکس اسٹار اسٹوڈیو کے بینر تلے بننے والی یہ فلم شیلی چوپڑا کی ڈیبیو فلم ہے جو آئندہ برس یکم فروری کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔اس فلم کو آئندہ برس کی سب سے بڑی غیر متوقع رومانوی کہانی قرار دیا جارہا ہے۔