2016 کی تیسری سہ ماہی اب اختتام کے قریب ہے اور رواں سال بولی وڈ فلموں کے لیے تباہ کن ثابت ہوا ہے اور ایک ہولی وڈ فلم بلاک بسٹر ثابت ہوئی ہے۔
2016 کے دوران بولی وڈ کی جانب سے ریلیز کی جانے والی درجنوں فلموں میں سے صرف چار فلمیں ہی سو کروڑ سے زیادہ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوئیں جبکہ رجنی کانت کی فلم کابلی (اس کے ہندی ورژن نے 24 کروڑ کمائے جبکہ مجموعی طور پر تین سو کروڑ کمانے میں کامیاب رہی) کو بھی شامل کردیا جائے تو یہ 5 ہوجاتی ہیں۔
اس سال سب سے کامیاب فلم اب تک دبنگ خان سلمان کی ‘سلطان’ ثابت ہوئی ہے جس نے 300 کروڑ روپے کما کر خود کو بلاک بسٹر تسلیم کروا لیا ہے۔
تاہم دوسرے نمبر پر بولی وڈ کی بجائے ہولی وڈ فلم جنگل بک موجود ہے جو 2016 میں انڈیا میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی دوسری فلم ہے اور اس نے شاہ رخ خان کی فین، اکشے کمار کی ہاﺅس فل تھری، رستم اور ائیر لفٹ، ہرتیک روشن کی موئن جو دڑو جیسی فلموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
جنگل بک انڈیا میں 187.55 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب رہی جبکہ دنیا بھر میں 96 کروڑ ڈالرز سے زیادہ کما چکی ہے اور کیپٹن امریکا : سول وار کے بعد رواں سال سب سے زیادہ بزنس کرنے والی دوسری بڑی فلم ہے۔
اسے انڈیا میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی ہولی وڈ فلم کا اعزازبھی حاصل ہوچکا ہے جو اس سے پہلے فاسٹ اینڈ فیوریس 7 کے نام تھا۔
اس کی کامیابی دیکھ کر ہی ڈزنی اسٹوڈیوز نے جنگل بک کے سیکوئل کی تیاری کا بھی اعلان کیا ہے۔
یہ سال اکشے کمار کے لیے بھی بہت اچھا ثابت ہوا ہے جن کی فلم رستم اب تک 124 کروڑ روپے، ائیرلفٹ 127 کروڑ جبکہ ہاﺅس فل تھری 107 کروڑ روپوں سے زیادہ بزنس کرنے میں کامیاب رہیں۔
فواد خان کی فلم کپور اینڈ سنز اگرچہ سو کروڑ تو نہیں کما سکی مگر 71.57 کروڑ کے بزنس کے ساتھ سپر ہٹ ضرور رہی کیونکہ یہ 37 کروڑ روپے کے بجٹ سے بنی تھی، جبکہ باغی فلم بھی ہٹ رہی۔
شاہ رخ خان کی فلم فین کا بجٹ 105 کروڑ تھا مگر وہ 83 کروڑ روپے کما کر فلاپ رہی جبکہ ہرتیک روشن کی موئن جو دڑو 115 کروڑ روپے لاگت سے تیار ہوئی مگر اب تک 56 کروڑ روپے ہی کما سکی اور اس طرح سال کی سب سے بڑی فلاپ فلم بننے کے قریب ہے۔