ٹوکیو: جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ایک ہوٹل ایسا بھی ہے جو چیلنج مقررہ وقت میں پورا کرنے والے کسٹمرز کو نہ صرف 50 ہزار ین انعام دیتا ہے بلکہ کھانے کے پیسے بھی نہیں لیتا۔
ٹوکیو کے اوماکارا ریمن ہیوری ریسٹورینٹ نے اپنے کسٹمرز کو ایسا چیلنج کیا ہے جس کے بعد کھانے کے شوقین افراد اپنی کھانے کی طلب کے ساتھ چیلنج پورا کرنے کی کوشش میں لگ گئے ہیں۔ ریسٹورینٹ کی جانب سے عام آفر ہے کہ اگر کوئی کسٹمر ریسٹورینٹ کی خصوصی ڈش ریمن ( نوڈلز اور چکن سے بنی ڈش) 20 منٹ میں کھا لے گا تو اسے 50 ہزار ین انعام میں دیا جائے گا اور ایسے کسٹمر سے کھانے کے پیسے بھی نہیں لئے جائیں گے۔ چیلنج کا حصہ بننے والے شخص کو 3 ہزار ین جمع کرانے ہوں گے جس کے بعد اگر ریمن کا ڈونگا 20 منٹ کے اندر ختم نہ کیا تو اس پر 10 ہزار ین جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ریسٹورینٹ انتظامیہ نے عوام کو ایک اور آفر یہ بھی دی ہے کہ اگر کسی کسٹمر نے ریمن کا ڈونگا 30 منٹ میں ختم کیا تو اسے 25 ہزار ین انعام دیا جائے گا۔ ریسٹورینٹ انتظامیہ کے مطابق تین سال پہلے ریمن کو 20 منٹ میں ختم کرنے کا چیلنج متعارف کرایا گیا تھا اوراب تک صرف 9 افراد چیلنج کو کسی حد تک پورا کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ریمن جاپان کی مقامی ڈش ہے جس میں 4 نمایاں چیزیں ہوتی ہیں۔ ریمن میں چکن فرائی، 24 اونس شوربہ، 8.8 پاؤنڈ بین اسپروٹ اور کچھ مصالحہ پاؤڈر ہوتا ہے جو مرغی کی فرائی بوٹیوں کے اوپر چھڑکا جاتا ہے۔