خیرپور(ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ سے جیالے کارکن نے شکوہ کرکے انہیں پریشان کردیا، کارکن کا کہنا تھا کہ آپ کو الیکشن میں ہماری یاد آجاتی ہے اورجب ہم ملنے جاتے ہیں تو اپ کے پاس ٹائم نہیں ہوتا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی صاحبزادی رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ خیرپور کے علاقے پیرجو گوٹھ میں ایک شخصیت سے تعزیت کے لئے گئیں تھیں اس دوران ایک ناراض جیالے نے ان پر سوالات کی بوچھاڑ کردی۔ جیالے نے سوال کیا الیکشن کے بعد آپ آج ہمیں دکھائی دیں، کیسے ہماری یاد آگئی؟ جب ہم آپ کے دروازے پر آتے ہیں تو آپ کے پاس وقت ہی نہیں ہوتا، کیا آپ کو صرف من پسند لوگوں کی قدر ہے۔جیالے نے کہاکہ ہم شہید ذوالفقارعلی بھٹو کے دور کے جیالے ہیں، ہم آپ کو شہید بھٹو کی وجہ سے ہی ووٹ دیتے ہیں، بلدیاتی الیکشن قریب ہیں تو اب جیالوں کی تعزیتیں یاد آرہی ہیں؟۔جیالے کے سوالات سن کر رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ پریشان ہوگئیں اور کارکن کو سمجھاتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے میں نے آپ کو نہ دیکھا ہو، یا کسی نے مجھے آپ کے بارے میں نہ بتایا ہو، اس لئے ملاقات نہیں ہوئی ہوگی۔نفیسہ شاہ نے کارکن سے کہا کہ پارٹی میں کوئی من پسند نہیں، ہمارے لیے ہر کارکن ایک جیسی اہمیت رکھتا ہے۔