فیروز والا: شاہدرہ کے علاقے مجید پارک میں سسرالیوں کے ہاتھوں پٹرول چھڑک کر جلائی جانے والی خاتون میو اسپتال میں دم توڑ گئی۔
فیروز والا بیگم کوٹ شاہدرہ کے علاقے مجید پارک میں فوزیہ شوکت نامی 24 سالہ خاتون کو گزشتہ روز ان کے سسرالیوں نے پٹرول چھڑک کر آگ لگادی تھی، فوزیہ کو گزشتہ روز شدید تشویشناک حالت میں لاہور کے میو اسپتال لایا گیا تھا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق آگ لگنے کے باعث فوزیہ کا 90 فیصد جسم جل چکا تھا۔ تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی اور دم توڑ گئی۔ فوزیہ نے اپنے آخری بیان میں خود کو جلانے کا ذمہ دار اپنے جیٹھ، نند اور ساس کو قرار دیا تھا۔
تھانہ شاہدرہ پولیس نے فوزیہ کے بیان پر اس کے جیٹھ اکرام ،جاوید، سحر اور ساس کیخلاف مقدمہ درج کر لیاہے، پولیس نے ملزموں کی گرفتاری کے لئے چھاپے بھی مارے، لیکن تمام ملزمان گھر کو تالہ لگا کر فرار ہو گئے، تاہم پولیس نے ملزموں کے ایک رشتہ دار عارف کو حراست میں لے لیا۔ واضح رہے کہ مقتولہ فوزیہ کا شوہر ملازمت کے لئے بیرون ملک مقیم ہے۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئےانسپکٹر جنرل پولیس سے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔