بارسلونا (نمائندہ خصوصی) امسال بارسلونا شہر میں 1 لاکھ 1 ہزار مندوبین کی ریکارڈ شرکت کے ساتھ ورلڈ موبائل کانگرس کا انعقاد اختتام پذیر ہو چکا ہے۔ کانگرس کے دوران شہر کی میٹرو اور بس سروس کے ارکان نے ہڑتال کا اعلان کر دیا تھا۔ جس سے مندوبین کو مشکلات اٹھانا پڑیں، وہیں میڈریڈ کی صدر نے کانگرس کو میڈریڈ منتقل کرنے کی دعوت دے دی۔
اس تمام غیر یقینی صورتحال کو ختم کرنے کیلئے کانگرس انتظامیہ کے ترجمان ہوف مین نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ، امسال بہت ہی کم مندوبین کو میٹرو اور بس کی ہڑتال کے باعث زحمت اٹھانا پڑی۔ وہیں ہمارا بارسلونا شہر کے ساتھ 2023 تک کانگرس اسی شہر میں منعقد کرنے کا معاہدہ ہے۔ اور ہم اس معاہدہ کی تکمیل کریں گے۔
مسلم سوسائٹی بارسلونا کے صدر طاہر فاروق وڑائچ اور پاک ٹیکسی کے صدر عمران ساہی نے اپنے مشترکہ بیان میں اس اعلان پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ، بارسلونا شہر کی فروری کے دوران معیشت اور شہر کی عالمی پذیرائی میں اس کانگرس کا بہت ہی نمایاں حصہ ہے۔ اور کانگرس انتظامیہ کی جانب سے اسے کسی دوسری جگہ منتقل نہ کرنے کا عندیہ دینا خوش آئند ہے۔