کراچی: رمضان المبارک کے آغاز پر ہیٹ ویو نے شہر قائد کے لوگوں کی جان ہلکان کر رکھی تھی لیکن اس کے بعد ملک کے دیگر حصوں کی نسبت موسم بہت خوشگوار ہے اور اب محمکہ موسمیات نے جمعے کو بوندا باندی کی پیش گوئی بھی کردی ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی کراچی میں شدید گرمی نے ڈیرے ڈال لیے تھے۔ گرمی، حبس اور سمندری ہوا کی بندش کے بعد غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے کراچی والوں کی زندگی اجیرن بنادی تھی۔ ہیٹ اسٹروک کے پیش نظر شہر میں جگہ جگہ امدادی کیمپ قائم کیے گئے تھے۔گزشتہ ہفتے سے کراچی میں سمندری ہوائیں چلنی شروع ہوگئی تھیں جس کی وجہ سے گرمی کی شدت میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی تھی اور گرمی کے ستائے ہوئے لوگوں نے سکون کا سانس لیاتھا۔ اور اب محکمہ موسمیات نے کراچی کے باسیوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں کل ہلکی بوندا باندی ہوسکتی ہے جس کے باعث گرمی کی شدت میں مزیدکمی آئے گی۔ جب کہ آج بھی مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے سنائی جانے والی خوشخبری نے گرمی سے ستائے لوگوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑادی ہے اور لوگوں نے بارش کی خبر سن کر خدا کاشکر اداکرتے ہوئے سکون کا سانس لیا ہے۔