سینٹ پیٹرزبرگ: روس کی سابق ماڈل نے ایک خاتون کے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک سڑک کی تصویر دیکھ کر شوہر سے طلاق لینے کا فیصلہ کرلیا کیوں کہ خاتون کا دعویٰ ہے کہ یہ تصویر اس کے بیڈروم سے کھینچی گئی۔
روسی میڈیا کے مطابق یولیا اگرانووچ نامی سابق ماڈل نے شوہر کو بے وفا قرار دیتے ہوئے اس سے علیحدگی اختیار کرلی جس کا سبب انسٹا گرام پر پوسٹ ہونے والی ایک سڑک کی تصویر بنی جس کے بارے میں سابق ماڈل کا دعویٰ ہے کہ وہ تصویر اس کے بیڈروم کی کھڑکی سے کھینچی گئی ہے۔
یولیا نے مقامی ٹی وی کو بتایا کہ ایک دن وہ اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر وقت گزار رہی تھی کہ اچانک اسے ایک خاتون کے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر اپنے گھر کے نزدیک سڑک کی ایک تصویر نظر آئی، خاتون کے مطابق تصویر نے انہیں چونکا دیا کیوں کہ تصویر جس زاویے سے کھینچی گئی تھی وہ منظر ہوبہو ایسا ہی تھا جس کا وہ ہر صبح اپنی کھڑکی سے نظارہ کرتی تھی۔
یولیا نے ولاڈا نامی اس خاتون کی فوٹو گیلری کو مکمل طور پر دیکھنا شروع کردیا اور اس پر انکشاف ہوا کہ اس کے شوہر کی کئی تصاویر بھی اس کی فوٹو گیلری میں موجود تھیں جس پر یولیا نے شوہر سے وضاحت طلب کی تاہم شوہر نے بے وفائی کے الزام کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ اس نے اپنے دوستوں کو دعوت دی تھی جس میں وہ خاتون بھی شریک تھی جس نے تصویر کھینچ لی ہوگی۔
اس واقعے کے بعد یولیا نے شوہر سے طلاق لینے کا فیصلہ کیا جب کہ یہ خبر منظرعام پر آنے کے بعد یولیا کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر درجنوں خواتین نے کمنٹ کیے کہ انہیں بھی کچھ ایسی ہی صورتحال کا سامنا ہے اور انہیں یقین ہے کہ ان کے زندگی کے ساتھی ان کے ساتھ بے وفائی کررہے ہیں، ساتھ ہی ان خواتین نے یولیا کو بہادر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے ایسی صورتحال میں شوہر کا مقابلہ کیا۔
یولیا نے مزید بتایا کہ وہ انسٹا گرام پر کچھ تلاش نہیں کررہی تھی بلکہ صبح صبح معمول کے مطابق انسٹا گرام اکاؤنٹ کی ٹائم لائن دیکھ رہی تھی جب اسے ایسی تصویر نظر آئی کہ جس پر وہ اس خاتون کی فوٹوگیلری دیکھنے پر مجبور ہوگئی، یولیا نے خاتون کی انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی سڑک کی تصویر کے نیچے کمنٹ بھی کیے جس میں کہا گیا تھا کہ ’’میرے شوہر کے بیڈروم سے دیکھے جانے والا خوبصورت نظارہ‘‘ یولیا نے حال ہی میں اپنے اکاؤنٹ پر پوسٹ لگائی جس میں یولیا نے ولاڈا نامی اس خاتون کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شکریہ ولاڈا، تم ایک تجربہ کار عورت ہو جس نے مجھے ایک بہترین سبق دیا ہے۔