بچوں کا والدہ کے ساتھ جانے سے انکار ، سسرال والوں نے شوہر کے قتل کا جھوٹا الزام لگایا :خاتون کی استدعا
لاہور (یس اُردو) شوہر کے قتل کے الزام میں جیل جانے والی خاتون رہائی کے بعد حوالگی کیس میں بچے لینے عدالت پہنچ گئی ، بچوں نے بھی ماں کے ساتھ جانے سے انکار کردیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار محمد شمیم خان نے گجرانوالہ سے بچوں کی حوالگی کیس کی سماعت کی ۔ درخواست گزار خالدہ بی بی نے اپنے بیٹے 9 سالہ حمزہ اور آٹھ سالہ عبدالرحمان کی حوالگی کے لئے درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ اس کے سسرال والوں نے شوہر کے قتل کا جھوٹا الزام لگا کر اسے جیل بھیجا اور ضمانت پر رہائی کے بعد بھی بچوں سے ملنے نہیں دیا جا رہا ۔ بچوں کے پھوپھا اکرام نے الزام لگایا کہ خالدہ نے اپنے شوہر کو قتل کیا اب بچے اس کے حوالے کیسے کئے جاسکتے ہیں ، بچوں نے بھی ماں کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا ۔ عدالت نے فریقین کے وکلا کو دلائل کے لئے منگل کو طلب کرلیا ۔