نیویارک: انسان ہزاروں سال کا سفر کرکے جنگلی زندگی سے آج کی جدید شہری زندگی تک پہنچا ہے لیکن امریکہ میں ایک خاتون نے فطرت کی محبت میں واپس جنگلی زندگی اپنانے کی ٹھان لی ہے اور لباس ترک کرکے جنوبی امریکہ کے جنگلوں میں نکل گئی ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اس 37 سالہ خاتون فری لی دی بنانا گرل نے کے نام سے یوٹیوب چینل بنا رکھا ہے جہاں باقاعدگی سے ویڈیوز پوسٹ کرتی ہیں، جن میں وہ اپنے ناظرین کو سبزی خوری کی تلقین کرتی نظر آتی ہے۔ وہ خود بھی کٹر سبزی خور ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ”میں شہری زندگی سے اکتا گئی تھی اور فطری ماحول میں رہنا چاہتی تھی چنانچہ میں جنگل میں آ گئی۔ اب یہاں میں بغیر کپڑوں کے شب و روز گزار رہی ہوں اور پہلے کی نسبت بہت زیادہ خوش ہوں۔“
خاتون کا کہنا تھا کہ ”میں نے 11سال قبل اپنی نوکری چھوڑ دی تھی کیونکہ میں 9سے 5کی مشقت سے تنگ آ گئی تھی۔ میں کسی اور کو امیر کرنے کے لیے اپنی زندگی ضائع نہیں کرنا چاہتی تھی۔ اس کے بعد میں نے پرسنل ٹرینر کا پیشہ اپنا لیا اور سبزی خور بن گئی۔ اب اس پیشے میں ایک دہائی گزارنے کے بعد میں فطرت سے محبت میں ایک قدم اور آگے بڑھی اور شہر چھوڑ کر جنگل میں آ گئی ہوں۔یہاں میں کپڑوں کی قید سے بھی آزاد ہوں۔ یہاں میں نامیاتی پھل اور سبزیاں کھاتی ہوں، قدرتی چشموں کا پانی پیتی ہوں اور بارش میں نہاتی ہوں۔مجھے یہاں آئے ہوئے 6مہینے ہو چکے ہیں اور اس دوران میں نے کبھی میک اپ کیا اور نہ بال ڈائی کیے ہیں۔ اب میں خود کو حقیقی معنوں میں آزاد محسوس کرتی ہوں۔“