فینکس: امریکی خاتون نے چند ماہ قبل دوستی کی ایک ویب سائٹ پر موجود ایک شخص سے ملاقات کے بعد اسے دھڑا دھڑ دھمکی آمیز ٹیکسٹ کیے جس کے بعد خاتون کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
اکتیس سالہ جیکولین ایڈس پر پولیس نے 65 ہزار ایسے ٹیکسٹ میسجز بھیجنے کا الزم عائد کیا ہے جو گزشتہ موسمِ گرما میں ایک شخص سے ملاقات کے بعد اسے بھیجے گئے۔ ان پیغامات میں عجیب و غریب الزامات اور دھمکیاں دی گئی تھیں۔ ایڈس نے روزانہ کم سے کم 500 میسجز کا اعتراف بھی کیا ہے۔
پولیس کو اس نے بتایا کہ گزشتہ برس کی گرمیوں میں اس نے امیر خواتین و حضرات سے دوستی کی ایک ویب سائٹ لکسی پر ایک شخص سے دوستی بڑھائی تھی۔ لیکن اس کے خاتون نے اپنے دوست کو عجیب وغریب اور دھمکی آمیز پیغامات بھیجے جو دھمکی، ہراساں کرنے اور مسلسل ذہنی تناؤ پہنچانے کے زمرے میں آتے ہیں۔
’مجھے یوں لگا کہ گویا مجھے میرا جیون ساتھ مل گیا ہے۔ میں نے وہی کچھ کیا جو سب کرتے ہیں۔ ہم شادی کرکے بہتر زندگی گزارنا چاہتے تھے۔ میں نے ’بے غرض‘ ہوکر اس سے محبت کی اور اسی بنا پر اس کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات بھی حاصل کیں،‘ خاتون نے پولیس کے سامنے اعتراف کرتے ہوئے کہا۔
پولیس نے خاتون کی جانب سے بھیجے گئے تمام پیغامات پڑھنے کے بعد انہیں عجیب اور دھمکی آمیز قرار دیا۔ ان کے بعض پیغامات کچھ یوں تھے۔ ’ امید کرتی ہوں کہ تم مرجاؤ کیونکہ تم بدبودار یہودی ہو۔‘ ’میں ہٹلر کی طرح ہوں جو بہت ذہین تھا۔‘ ’ تم اپنے لہو کا کیا کروگے، میں تو اس خون میں نہانا چاہتی ہوں۔‘ پولیس اور دیگر اداروں نےبتایا کہ خاتون گزشتہ برس سے اپنے سابقہ دوست کو روزانہ 500 میسجز بھیج رہی ہیں جن کی تعداد زیادہ بھی ہوسکتی ہے۔ تاہم اس ماہ ٹیکسٹ بھیجنے کی تعداد بڑھ گئی ہے۔ خاتون کو 15 مئی کو عدالت میں پیش کیا جائےگا۔