بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان فلم ’’دنگل‘‘ میں مدمقابل اداکارہ فاطمہ ثنا شیخ کا فنی کیرئیر پروان چڑھانے لگے۔
بالی وڈ اسٹار عامر خان اکثر اپنی فلموں میں نئے چہرے متعارف کراتے ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنا ہر اداکار کا خواب ہے۔ اب کی بار عامر خان اپنی نئی فلم ’’دنگل‘‘ میں ان کی بیٹی کا کردار کرنے والی فاطمہ ثنا شیخ کی صلاحیتوں سے متاثر ہوگئے ہیں اور ان کا فلمی کیرئیر آگے بڑھانے میں جت گئے ہیں۔ مسٹر پرفیکشنسٹ نے ’’دنگل‘‘ کے بعد نوجوان اداکارہ فاطمہ شیخ کو اپنے مدمقابل فلم’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ میں بھی کاسٹ کرایا ہے جس میں امیتابھ بچن اور کترینہ کیف بھی نظر آئیں گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان مہاویر سنگھ پھوگاٹ کی زندگی پر فلم’’دنگل‘‘ بنانے کے بعد اب بھارتی خلاباز راکیش شرما کی زندگی پر فلم’’سارے جہاں سے اچھا‘‘ بنائیں گے۔ اس فلم میں اداکار نے اہلیہ کے کردار کے لیے فاطمہ شیخ کو کاسٹ کرالیا ہے اور یہ دونوں اداکاروں کی ایک ساتھ تیسری فلم ہوگی۔ یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ بھی بالی وڈ کی بڑے بجٹ والی فلم ہے جس میں فاطمہ شیخ اور کترینہ کیف کو عامر خان کی تجویز پر کاسٹ کیا گیا ہے۔ یہ کہنا بجا نہ ہوگا کہ عامر خان اب فاطمہ شیخ کے گارڈ فادر بن گئے ہیں اور ان کے کیرئیر کے ستارے کو عروج پر پہنچا دیا ہے۔