ممبئی : بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان پر بلاک بسٹر فلم’’ پی کے‘‘ میں پولیس افسر کو ’’ٹلہ‘‘ کہنے پر مقدمہ درج کرنے کے لیے دہلی کے پولیس اسٹیشن میں درخواست جمع کرادی گئی۔
میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکار عامر خان کی بلاک بسٹر فلم’’پی کے‘‘ اپنی ریلیز کے ساتھ ہی تنازعات کا شکار ہوگئی تھی جب کہ انتہا پسند ہندؤں نے فلم کی ریلیز پر پابندی عائد کا کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم فلم کی دنیا بھر میں دھوم مچانے کے بعد اداکار عامر خان پر مقدمہ درج کرانے کے لیے درخواست جمع کرادی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم میکر الہاس پی آر نے بلاک بسٹر فلم’’پی کے‘‘ میں پولیس افسر کو ’’ٹلہ‘‘ پولنے پر اداکار عامر خان پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست نیو اشوک پولیس اسٹیشن دہلی میں جمع کرادی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پولیس افسر کو ’’ٹلہ‘‘ کہنے سے محکمہ پولیس کی تضحیک ہوئی ہے جس پر اداکار عامرخان کے خلاف پولیس کی تضحیک کا مقدمہ درج کیا جائے۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم’’پی کے‘‘ میں اداکار عامر خان نے مرکزی کردار ادا کیا ہے جب کہ فلم نے دنیا بھر میں 700 کروڑ سے زائد کا بزنس کر کے ریکارڈ قائم کیا ہے۔