لندن (یس ڈیسک) معروف پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے پاکستان کے آرمی چیف کی خدمات کے اعتراف میں انھیں باکسنگ کونسل کی چیمپئین شپ بیلٹ پیش کی ہے۔
ورلڈ باکسنگ ویلٹر ویٹ چیمپیئن عامر خان نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی ہے اور پاکستان میں امن کی بحالی کی کوششوں کے اقدامات پر انھیں ورلڈ باکسنگ چیمپیئن کو پیش کی جانے والی چیمپیئن بیلٹ پیش کی ہے۔
برطانیہ کے شہر مانچسٹر سے تعلق رکھنے والے باکسر عامر خان ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں جہاں وہ پاکستان میں باکسروں کی تربیت کے لیے باکسنگ اسکولوں کا نیٹ ورک قائم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
عامر خان نے اپنے ٹوئٹر کے صفحے پر پاکستان کے آرمی چیف راحیل شریف کے ساتھ ان کی ملاقات کی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں انھیں آرمی چیف راحیل شریف کو ورلڈ چیمپیئن کی اعزازی بیلٹ پیش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
عامر خان نے ہیش ٹیگ پیس آنر کا استعمال کرتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ انھیں ورلڈ باکسنگ کونسل کی جانب سے جنرل راحیل شریف کو اعزازی طور پر چیمپیئن بیلٹ پیش کرنے کا موقع ملا ہے جس کے لیے انھوں نے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل باجوہ اور ورلڈ باکسنگ کونسل ڈبلیو بی سی کے صدر موریکو سلیمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
جنرل راحیل شریف کو پیش کی جانے والی ورلڈ چیمپیئن کی یہ خصوصی بیلٹ پاکستان کے ورثے اور ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔ جس پر باکسنگ لیجنڈ محمد علی اور باکسر عامر خان کی تصاویر موجود ہیں جبکہ اس کے دونوں کناروں پر پاکستان اور برطانیہ کا پرچم موجود ہے۔