لندن (ویب ڈیسک) جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے سابق کرکٹر اے بی ڈیویلیئرز کی کرکٹ کے میدان پر واپسی ہوئی ہے۔معروف کرکٹر آئندہ سال بگ بیش لیگ میں ’ہیٹ‘ اسکواڈ کا حصہ بنیں گے۔اس حوالے سے معروف کرکٹر کا کہنا تھا کہ بگ بیش بہترین ٹورنامنٹ ہےاور وہ اسے کافی عرصےسے فالو کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی بطور کرکٹر آپ کا اس طرح کے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کا دل کرتا ہے۔جنوبی افریقی کرکٹر کا کہنا تھا کہ کھیل اور گھر پر وقت دینے کے درمیان توازن برقرار رکھنا کافی مشکل ہوتا ہے اس لیے میں مخصوص ٹورنامنٹس میں ہی حصہ لیتا ہوں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی عمر بڑھ رہی ہے اس لیے زیادہ کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔ڈیویلیئرز نے 2018 میں بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔دوسری طرف پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے محروم ہونے والے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کی کوچنگ سے بھی محروم ہونا پڑسکتا ہے۔ ساڑھے تین سال پاکستان کرکٹ میں طاقتور ہیڈ کوچ رہنے والے مکی آرتھر کا ستارہ ایک دم سے گردش میں آگیا ہے۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر کو کراچی کنگز کی انتظامیہ مزید ذمے داریاں دینے کے موڈ میں نہیں اورآسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ بیٹسمین ڈین جونز کے ساتھ مذاکرات کررہی ہے۔ڈین جونز چار سال تک اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ رہے ان کی کوچنگ میں اسلام آباد نے دو ٹائٹل بھی جیتے البتہ اسلام آباد یونائیٹڈنے پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کے ساتھ اس حیثیت سے معاہدہ کر لیا ہے۔ڈین جونز کو مینٹور بنانے کی پیشکش کی گئی تھی لیکن وہ کوچنگ میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اس لئے انہوں نے کراچی سے مذاکرات شروع کردیئے ہیں۔مصباح الحق کے ہیڈکوچ بننے کے بعد سب سے دلچسپ صورتحال پاکستانی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کیلئے ہے۔وقار یونس ڈائریکٹر تھے ان کو بھی اسلام آباد کی جانب سے ایک اور اسائنمنٹ ملنا دکھائی دے رہا ہے۔