اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ اگر چیئر مین نیب اتنے گرے ہیں تو ان کو ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے گرایا تھا ، اس لئے دونوں جماعتوں کونیب سمیت قوم سے معافی مانگنی چاہئے کیونکہ ان دونوں جماعتوں نے چیئرمین نیب لگایا ہے ۔ دنیا نیوز کے پروگرام ”آن د ا فرنٹ“میں گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈارنے کہا کہ اکثر بڑی سازشیں جیل کے اندربیٹھ کر بنائی جاتی ہیں،چیئر مین نیب کی سازش کوٹ لکھپت جیل میں بیٹھ کر تیار کی گئی ، یہ ویڈیو چلی کہاں سے ہے ؟ اس ویڈیونے کوٹ لکھپت جیل سے سفر کیا ہے اور اس کا کھرا کوٹ لکھپت جیل سے نکلے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جب تفتیش ہوگی تو ن لیگ کا شوق پورا کریں گے ، اگر چیئر مین نیب اتنے گرے ہیں تو ان کو ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے لگایا تھا ، اس لئے دونوں جماعتوں کوقوم سے معافی مانگنی چاہئے کیونکہ ان دونوں جماعتوں نے چیئرمین نیب لگایا ہے ۔یاد رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے گھر واقع منسٹر کالونی سے حساس فائلوں کی چوری کے بعد حکومت نے منسٹر کالونی کے اندر 250 سیکیورٹی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گاڑیوں اور لوگوں کی تصدیق کیلئے الیکٹرک ہیٹر بھی لگایا جائے گا۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق منسٹر کالوجی کو محفوظ بنانے کیلئے 200 جدید سرچ لائٹس بھی لگائی جائیں گی۔ اس سے پہلے اس اہم ترین جگہ سے قیمتی کیبل بھی چور اڑا لے گئے تھے لیکن چیئرمین نیب کے گھر سے حساس دستاویزات کی چوری نے سیکیورٹی اداروں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی تھی اس لئے اقدامات فوری طور پر کئے جارہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تقریباً پانچ کروڑ روپے اس منصوبے پر خرچ ہوں گے۔ چوری ہونے والی حساس فائلوں میں کیاتھا تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے۔