پیرس(ایس ایم حسنین )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ابرار کیانی نے کہا ہے کہ قوم کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا اٹل فیصلہ کر چکی ہے ،رائیونڈ جلسے کے اثرات ہیں کہ حکمرانوں کی صفوں میں ہلچل مچی ہوئی ہے ۔ رائیونڈ جلسے کی کامیابی کی خوشی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جس طرح رائیونڈ کے جلسے میں پانامہ لیکس کی کرپشن کو واشگاف الفاظ میں بے نقاب کیا ہے اگر حکمران خاندان کے ہاتھ اس میں رنگے نہ ہوتے اس کی اسی وقت تردید کی جاتی ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا اٹل فیصلہ کر چکی ہے اب مٹی پاﺅ والا معاملہ نہیں ہونے دیا جائے گا ۔ ابرار کیانی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن اور عوام محرم الحرام کے بعد اسلام آباد جانے کے لئے تیار ہیں او ر اپنے قائد کی ایک کال کا انتظار کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں کسی طرح کا کوئی اختلاف نہیں اور انشا اللہ اتحاد کو قائم رکھتے ہوئے آئندہ عام انتخابات میں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ اس موقع پر کارکنوں میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی ۔