آپ مجھے بہت اچھی طرح جانتے ہیں اور مجھے پسند بھی بہت کرتے ہیں ۔ آم ، جامن ، بیر اور املی کی طرح میں درخت پر کچا بھی نظرآجاؤں تو بچے پتھر مار کر مجھے حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ میں کہیں امردو ، کہیں جام اور سندھ میں ’زیتون “ کہلاتا ہوں۔ یہاں یہ بھی بتادوں کہ میرا اصلی وطن جنوبی امریکا ہے ۔ پرتگالیوں کے ساتھ میں بھی دوسرے کئی پھوں کی طرح 15ویں صدی میں یہاں پہنچا تھا۔
میری دوقسمیں ہیں: پہلی وہ جس کا گودا سفید ہوتا ہے اور دوسری وہ جس کا گوداسرخ ہوتا ہے ۔ پاکستان میں ملیراور لاڑکانہ کاامرود بہت مشہور ہے ۔
مجھ میں گوشت بنانے والی جزو یعنی لحمسیے (پروٹین ) کے علاوہ معدنی نمک ، مثلاََ فاسفورس ، کیلسئیم اور فولاد کے ساتھ ساتھ حیاتین الف (وٹامن اے ) حیاتین ب (وٹامن بی ) اور حیاتین ج (وٹامن سی ) بھی کافی مقدار میں ہوتی ہیں۔ میٹھے ، پکے خوشبودار امرود کے کھانے سے دل کو بڑی فرحت ہوتی ہے ۔ گھبراہٹ کا مرض دورہوجاتا ہے ۔ میں دل ودماغ اور معدے کو طاقت پہنچتا ہوں ۔ میرے بیجوں سے پیٹ کے کیڑے ہلاک ہوجاتے ہیں ۔میرا سب سے اہم کام یہ ہے کہ میں آنتوں کی سستی دور کرتا ہوں پیٹ اور آنتیں صاف ہوں تو جگر اور معدہ چست ہوجاتے ہیں اور جوغذا بھی کھائی جائے ، وہ خوب ہضم ہوتی ہے ۔
مجھ میں ریشہ ،یعنی فائبر بھی خوب ہوتا ہے ۔ یہ ریشہ خون کے بہت سے زہریلے مادوں ، خاص طور پر خون کی ایک نقصان دہ چکنائی ، کولیسٹرول کو خارج کردیتا ہے ۔ اس طرح رگیں کھلی اور صاف رہتی ہیں، اس لیے مجھے دل اور بلڈپریشر کے مریضوں کے لیے مفید پھل سمجھا جاتا ہے ۔ میں خون کے دوران کی سستی بھی دور کرتا ہوں۔ چوں کہ مجھ میں حیاتین ج اور الف بھی خوب ہوتی ہیں، اس لیے ان سے آپ کے جسم کی وہ طاقت برقرار رہتی ہے، جوامراض کامقابلہ کرتی ہے ۔ اس قوت مدافعت بھی کہتے ہیں۔ اس قوت کے قائم رہنے سے آپ موسمی نزلے زکام کی تکلیف سے بھی محفوظ رہ سکتے ہیں ۔
میں خون سے خراب مادے خارج کرتا ہوں اس لیے جنوبی امریکا کے اصل باشندے میرے رس کو دیوتاؤں کا مشروب کہتے ہیں۔ جب میں خوب پکا ہوا ہوتا ہوں تو وہ میرا رس نکال کربہت شوق سے پیتے ہیں ۔
میرا یہ رس ، پھل کے مقابلے میں جلد ہضم ہوجاتا ہے اور اسے جگر کی سستی اور جلد کی خرابیاں دور کرنے کے لیے بہت مفید سمجھا جاتا ہے ۔ اس سے گردوں کی سستی بھی دور ہوجاتی ہے ۔
جب میں پکا ہوا اور تازہ حالت میں نظرآؤں تومجھے دھوکر کوب چبا کر کھائیے ۔ مجھے کچی حالت میں کھانے سے پیٹ میں درد ہوسکتا ہے ۔ اگر کسی کے مسوڑے پھول گئے ہوں تومیری چھال اُبال کر کلیاں اور غرارے کرنے سے فائدہ ہوتا ہے ۔
میرا مشورہ یہی ہے کہ مجھے کچی حالت میں نہ کھایئے۔ بہتر ہے کہ آپ مجھے کالی مرچ، نمک یا چاٹ مسالے کے ساتھ کھائیے ، لیکن مسالا زیادہ نہیں ہونا چاہیے ۔ ایک بات اور یاد رکھیے کہ مجھے کھانے کے فوری بعد پانی نہ پیں ، ورنہ گلا خراب ہوجائے گا۔