بھارت کے انڈر ورلڈ ڈان ابو سالم کی شادی کے لیے 45 روز کی پیرول درخواست عدالت نے خارج کر دی۔
ذرائع کے مطابق ابو سالم اپنی دوست کوثر بہار سے 5 مئی کو شادی اور اس کے چند دن بعد ولیمے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کے لیے انہوں نے ٹاڈا کورٹ میں درخواست دائر کی جو عدالت نے سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر خارج کر دی۔
ابو سالم ممبئی کی تجولہ جیل میں قید ہیں، سالم کی جانب سے درخواست کی ایک کاپی ممبرا پولیس اسٹیشن میں تصدیق کیلئے بھی بھیجی گئی جس کے بعد پولیس نے سالم کی ہونے والی بیوی کوثر بہار اور اس کے خاندان والوں سے پوچھ گچھ کی۔
سالم کی محبت کی شروعات 2014ء میں اس قوت ہوئی جب وہ پولیس تحویل میں جعلی پاسپورٹ کیس کے معاملے میں پیشی کے لیے ٹرین سے لکھنؤ آتے جاتے تھے۔
اس دوران ایک دن ٹرین کے سفر میں انہوں نے کوثر بہار سے ٹیلی فون پر نکاح کرکے اسے اپنا ہمسفر بنالیا۔ اس کے کچھ دنوں بعد ہی دونوں کی ٹرین ملاقاتوں کی تصاویر بھی منظر عام پر آگئیں۔
کوثر بہار کی جانب سے ٹاڈا کورٹ میں درخواست دائر کی گئی کہ نکاح کے بعد ابو سالم کے ساتھ اس کا نام شامل ہوچکا ہے اور اب وہ اپنےسماجی وقار کے تحفظ کے لیے ابو سالم سے شادی کرنا چاہتی ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس کی تفتیش میں کوثر بہار کے بیان سے اس بات کی تصدیق ہو ئی کہ 5مئی کو سالم ضمانت پر باہر آکر ان سے شادی کرنا چاہتے ہیں۔
کوثر بہار کا کہنا ہے کہ اگر اس کی بو سالم سے شادی کی عدالتی اجازت نہ ملی تو ہونے والی بدنامی کی وجہ سے وہ اپنی جان بھی دے سکتی ہے۔
کوثر کے اس بیان کے بعد ابو سالم نے بھی اس سے شادی کی رضا مندی ظاہر کی اور ٹاڈا کورٹ میں درخواست داخل کر کے اسپیشل میریج ایکٹ کے تحت میریج رجسٹرار کے سامنے جاکر شادی کی اجازت مانگی تھی۔
واضح رہے کہ انڈر ورلڈ ڈان ابو سالم پہلے سے شادی شدہ ہیں اور ان کے2 بیٹے بھی ہیں۔