کوئٹہ میں احتساب عدالت نے بلوچستان میگاکرپشن کیس کاریفرنس جلد دائر کرنےاور کیس میں گرفتار سابق مشیرخزانہ میر خالد لانگو کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کردی ۔
بلوچستان میگا کرپشن کیس کی سماعت کوئٹہ کی احتساب عدالت میں ہوئی، کیس کےسلسلے میں سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی اور کنٹریکٹرسہیل مجید احتساب عدالت میں پیش کئے گئے تاہم سابق مشیرخزانہ میرخالد لانگو عدالت میں پیش نہیں ہوسکے،ان کامیڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں جمع کرایاگیا۔اس موقع پر عدالت نے جیل وارڈ کےانچارج سےمیرخالد لانگو کےبارے میں استفسار کیا اور پوچھا کہ خالد لانگو کی طبیعت کیسی ہے،ان کاوزن تو کم نہیں ہواجس پر جیل وارڈ کے انچارج کا جواب تھا کہ وزن کم نہیں ہوا۔ڈاکٹر نےبتایاہےکہ ان کی طبیعت صحیح نہیںتاہم عدالت نےانہیں ہدایت کی کہ انہیں اگلی پیشی پر لےآئیں، ہم بھی دیکھیں وہ کتنے بیمار ہیں۔
دوسری جانب عدالت نے نیب پراسیکیوٹرسےکرپشن کیس کےریفرنس کےحوالےسےاستفسارکیا جس پر نیب پراسیکیوٹر کا کہناتھا کہ کیس کاریفرنس دستخط کےلئےاسلام آباد بھجوایاگیاہے۔عدالت نے کرپشن کیس کاریفرنس جلد دائر کرنے کی ہدایت کی اور کیس کی سماعت 17جنوری تک ملتوی کردی۔