واقعے میں دو پولیس اہلکار شدید زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے
کراچی (یس اُردو) کراچی میں اورنگی ٹائون بنگلہ بازار میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں سات اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے ۔ شہید ہونے والے پولیس اہلکار پولیو ٹیموں کی سکیورٹی پر مامور تھے ۔ تفصیلات کے مطابق پولیس اہلکار پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کیلئے موبائل وین میں ڈیوٹی پر مامور تھے کہ اسی دوران نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پولیس موبائل پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے ۔ انہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال داخل کرایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آور دو موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر آئے اور انہوں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس سے سات پولیس اہلکار شہید ہوگئے ۔ واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کر لئے ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزموں کی گرفتاری کیلئے ٹیم بنا دی ہے اور جلد ہی انہیں گرفتار کر لیا جائے گا ۔ ملزموں کے پاس ایس ایم جی اور نائن ایم ایم بندوقیں تھیں جن کی گولیوں کے خول جائے حادثہ سے ملے ہیں ۔ تین پولیس اہلکاروں کو اورنگی نمبر 15 اور چار کو دوسری موبائل وین میں نشانہ بنایا گیا ۔ ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ 8 دہشتگرد چار موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر آئے تھے اور انہوں نے پولیس موبائل پر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے پولیس اہلکار شہید ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے پولیو ورکرز سے بات کرنے کی کوشش کی اور اچانک ان پر فائرنگ کر دی ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد اسلام چوک کی جانب سے آئے اور پولیو ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو نشانہ بنایا ۔ اسی دوران وہاں سے گزرنے والی ایک اور علاقے کی پولیس موبائل کو بھی نشانہ بنایا گیا ۔ شہید ہونے والے چار اہلکاروں کو اورنگی بنگلہ بازار اور باقی تین کو قریب ہی واقع دوسری جگہ پر نشانہ بنایا گیا ۔ واقعے کے بعد جائے حادثہ پر بھگدڑ مچ گئی اور لوگ خوف و ہراس کے مارے دکانیں کھلی چھوڑ کر بھاگ کھڑے ہوئے ۔ وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نےیس اُردو سے گفتگو کے دوران بتایا کہ دہشتگردوں نے پولیو ورکرز کو نشانہ بنایا اور ان کو بچاتے ہوئے پولیس اہلکار شہید ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مقام پر فائرنگ کے بعد دہشتگرد قریب ہی موجود دوسری موبائل کے قریب پہنچے اور ان کو بھی فائرنگ سے نشانہ بنایا ۔ سہیل انور سیال نے کہا کہ ہمارا پورا ملک اس وقت حالت جنگ میں ہے اور ملک کے تمام سکیورٹی ادارے جن میں پولیس ، آرمی ، حساس ادارے اور دیگر سب کے سب ملک کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں ۔ ہم اس بات کا یقین دلاتے ہیں کہ ہم مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے اور کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا ۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے بھی پولیس موبائل پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے ۔ ایک بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ پولیس نے قوم کے مستقبل کیلئے اپنا آج قربان کر دیا ہے ۔ میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ خیبر سے کراچی تک پولیس کی قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا ۔