رمضان میں شدید گرمی میں عوام سراپا احتجاج ، چارسدہ روڈ ٹریفک کیلئے بند ، عوام کی پیسکو کیخلاف شدید نعرے بازی
پشاور (یس اُردو) پشاور کے نواحی علاقہ خزانہ میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف مختلف دیہات کے عوام سڑکوں پر نکل آئے ۔ تھانہ خزانہ کا گھیرائو کر لیا ۔ چارسدہ روڈ بھی ٹریفک کیلئے بند ۔ خزانہ اور گرد و نواح کے دیہات میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ رمضان المبارک میں شدید گرمی کے دوران بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے اور سڑکوں پر نکل آئے ۔ مظاہرین نے چارسدہ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا اور گاڑیوں کی آمد و رفت کو روک دیا گیا جس کی وجہ سے چارسدہ روڈ پر ٹریفک کیلئے لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔ مشتعل مظاہرین نے پیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ مظاہرین نے خزانہ پولیس سٹیشن کا بھی گھیرائو کرلیا ۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ۔ ایس پی رورل شاکر اللہ بنگش بھی موقع پر پہنچے اور لوگوں سے مذاکرات کئے تاہم مظاہرین نے سڑک کھولنے سے انکار کر دیا ۔