حیدر آباد…… احتساب قبول ہے لیکن انتقام قبول نہیں، و زیراعظم کے سامنے تحفظات رکھے ہیں ۔ اب ہماری نگاہ وزیراعظم کی طرف ہے، یہ بات مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے انسٹی ٹیوٹ آف ماڈرن سائنسز اینڈ آرٹس حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہی ۔ان کاکہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی وفاق سے نہ کوئی لڑائی ہے اور نہ کوئی تنازع ہے۔ وفاقی حکومت کے صاحبوں سے کہنا ہے کہ وہ ہم پر نظر رکھیں، ہماری غلطیوں کو بھی دیکھیں اور احتساب بھی کریں ۔ لیکن ذرا خود کو بھی دیکھ لیں، خود کا بھی احتساب کریں۔آپ دعویٰ کرتے تھے کہ پاکستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں ہے۔ جو ہم پر گرجتے برستے ہیں ان کے بھی بڑے بیانات تھے کہ داعش کا کوئی وجود نہیں ہے۔ تو پنجاب اور پختون خوا میں داعش کے لوگ کیوں پکڑے جارہے ہیں۔مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے سہولت کار وں میں چاہے جس پر بھی مقدمات قائم کریں ۔ لیکن صرف سندھ میں نہیں پورے پاکستان پر نظر دوڑائیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سندھ میں بسنے والوں کی جماعت ہے ان سے بات چیت ہوسکتی ہے۔پیپلزپارٹی کے دروازے ہر پارٹی کے لیے کھلے ہیں۔