طالب علم مشال قتل کیس کے مرکزی ملزم عمران کو سٹی مجسٹریٹ مردان کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس نے مشال پر فائرنگ کرنے کے جرم کا اعتراف کرلیا۔
Accused of Mishal murder case confessed his guilt
ملزم عمران کو کل انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں سے اسے چار روزہ ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا تھا لیکن ریمانڈ مکمل ہونے سے قبل ہی اس نے عدالت میں اعترافی بیان ریکارڈ کرنے کی حامی بھر لی ۔ پولیس نے اسے آج سخت حفاظتی انتظامات میں سٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جہاں اس نےاپنے اعترافی بیان میں بتایا کہ مشال توہین مذہب کا مرتکب ہوا تھا اس لئے اس پر فائرنگ کی۔ عدالت نے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔
ادھر مشال قتل کیس کے دیگر دو ملزمان اشفاق خلجی اور فضل رازق کو ریمانڈ مکمل ہونے پر سٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں انہوں نے جرم قبول کرنے سے انکار کردیا۔ عدالت نے انہیں بھی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔