counter easy hit

منی لانڈرنگ کا الزام؛ نوازشریف نے چیئرمین نیب کو قانونی نوٹس بھجوا دیا

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف نے چیئرمین نیب کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نیب نے ان کے خلاف 8 مئی کو جھوٹی اور توہین آمیز پریس ریلیز جاری کی۔

Accused of money laundering; Nawaz Sharif sent legal notice to Chairman NABسابق وزیراعظم نوازشریف نے چیئرمین نیب کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ نیب نے 8 مئی کو ان کے خلاف جو منی لانڈرنگ کے الزامات لگائے ان کی معافی مانگی جائے یا چیئرمین نیب 14 روز کے اندر ایک ارب روپے کا ہرجانہ ادا کریں بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

نوازشریف کی جانب سے بیرسٹر منور دوگل نے نوٹس چیئرمین نیب کو بھجوایا، قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف پر بھارت میں منی لانڈرنگ سے4 ارب 90 کروڑ روپے منتقل کرنے کا الزام لگایا گیا اور جن میڈیا رپورٹس پر نوٹس لیا گیا 8 مئی کی پریس ریلیز میں ان کا حوالہ بھی نہیں دیا گیا، ورلڈ بینک نے 8مئی کو وضاحت الزامات کی نفی کر دی تھی، اور واضح کیا تھا کہ رپورٹ میں کسی شخص کا نام دیا گیا نہ منی لانڈرنگ کا کہا گیا، ورلڈ بینک اور اسٹیٹ بینک کی وضاحت کےباوجود ایک اور پریس ریلیز 9 مئی کو جاری کی گئی اور پریس ریلیز میں ورلڈ بینک کی وضاحت کا ذکر تک نہیں کیا گیا، اس سے پہلے نیب کو محض شکایت ملنے پر اعلامیہ جاری کرنےکی کوئی نظیر نہیں ملتی۔

قانونی نوٹس میں یہ بھی تحریر ہے کہ نواز شریف ایک تجربہ کار سیاستدان ہیں جو 3 مرتبہ ملک کے وزیراعظم رہ چکے ہیں، ایسی شخصیت کے خلاف باوثوق ذرائع سے تصدیق کئے بغیر اعلامیہ جاری کر دینا بدنیتی پر مبنی اور چیرمین نیب کے الزامات قبل ازانتخابات دھاندلی کے مترادف ہیں۔ چیئرمین نیب توہین آمیز پریس ریلیز پر 14 روز میں معافی مانگیں، انگریزی اور اردو کے اخبارات میں باقاعدہ معافی شائع کرائی جائے جب کہ چیئرمین نیب 14 روز میں ایک ارب روپے کا ہرجانہ بھی ادا کریں، بصورت دیگر معافی نہ مانگنے اور ہرجانہ ادا نہ کرنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔