کراچی: موٹروے پولیس کی جانب سے عیدالفطر پر مسافروں سے زاید کرایہ وصول کرنے والے انٹرسٹی بسوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیاہے۔موٹروے پولیس نے عیدالفطر پرمسافروں سے زاید کرایہ وصول کرنے کے خلاف انٹر سٹی بسوں کے ڈرائیوروں اور مالکان کو خبردار کردیا ہے کہ نیشنل ہائی وے و موٹر وے پولیسں اور سندھ حکومت نے عید الفطر کے موقع پر انٹر سٹی بسوں کی جانب سے مسافروں سے زاید کرایہ وصول کرنے کے خلاف کمیٹی تشکیل دی ہے۔کمیٹی ڈی آئی جی نیشنل ہائی وے و موٹروے پولیس،ڈی آئی جی ٹریفک پولیس ، ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی ملیر پر مشتمل ہو گی، ترجمان موٹروے پولیس سندھ کے مطابق کمیٹی آج (پیر) دن12 بجے سے سپرہائی وے اور موٹروے ٹول پلازہ پر مسافروں سے عیدالفطر کے موقع پر انٹر سٹی بسوں میں زیادہ کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف موقع پر چالان کرکے جرمانہ عاید کرے گی۔ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر اندرون ملک روانہ ہونے والی انٹر سٹی بسوں کو کمیٹی آج پیر 11 جون دوپہر 12 بجے موٹروے کراچی ٹول پلازہ پر چیک کرے گی جبکہ 12 جون منگل کو سپرہائی وے ایبٹ لیباریٹری13 جون اور14 جون دوپہر 12 بجے سے سپرہائی وے کراچی ٹول پلازہ پر انٹر سٹی بسوں کو کو چیک کیا جائے گا۔نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس نے مسافروں کو آگاہ کردیا ہے کہ کراچی سے عیدالفطر کی چھٹیوں پر جانے والے مسافر انٹر سٹی بسوں کے ڈرائیوروں، کنڈیکٹروں اور مالکان کی جانب سے زاید کرایہ لینے پر موٹر وے پولیس کی ہیلپ لائن 130 یا موٹر وے پر موجود موٹر وے پولیس کے جوانوں کو آگاہ کریں۔انٹر سٹی بسوں کے ٹرانسپورٹروں کی جانب سے کسی بھی مسافر سے زاید کرایہ وصول کیا گیا تو اس مسافر کو ٹرانسپورٹر کی جانب سے موصول کیا گیا اضافی کرایہ واپس کیا جائے گا اور اس پبلک ٹرانسپورٹ کو موقع پر چالان کرکے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔