بہاولپور: سوشل میڈیا پر پاک فوج اور دیگر اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے والوں کے خلاف مقدمات کا اندراج شرو ع ہوگیا ہے اور پہلا مقدمہ بہالپور میں درج کر لیا گیاہے۔
تفصیلات کے مطابق بہالپور کے تھانہ صدر یزمان میں بسم اللہ خان ولد عبدالودود خان کی درخواست پر پاک فوج کے بارے میں نفرت انگیز مواد سوشل میڈیا پر شیئر کر نے کے الزام میں شہری عبدالقیوم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیاہے ۔بسم اللہ خان نے تھانے میں درخواست جمع کروائی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ عبدالقیوم ولد شوکت علی آرائیں ، انہیں ذاتی طور پر جانتاہوں ،نے اپنی فیس بک پر مختلف اقسام کی پوسٹ اور تصاویر لگائیں اور ایک پوسٹ پر لکھا تھا کہ ” جو میرے دل میں رتی برابر بھی فوج کی عزت اور محبت تھی آج ختم ہو گئی ،۔“ اس فعل سے عوام میں افواج پاکستان کی اطاعات نہ کرنے کو اکسانے کا عنصر ہے اور یہ پوسٹ شیئر کر کے عوام کو اکسایا گیاہے ۔اس پوسٹ کو میرے ساتھ موجود دیگر ساتھیوں نے بھی دیکھا اور وہ گواہ ہیں ۔عبدالقیوم نے میسج میں غیر مہذب الفاظ کا استعمال کر کے پوسٹ شیئر کرکے عوام کو افواج پاکستان کے خلاف اکسا کر زیادتی کی ہے ، میری درخواست ہے کہ اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔