لالی ووڈ فلموں کی کامیابی کے بعد سینئرز کے ساتھ ساتھ جونیئر ہدایتکاروں میں بھی فلمسازی کا جذبہ پروان چڑھ رہا ہے :سینئر اداکار
کراچی: لیجنڈ اداکار ندیم نے کہا ہے کہ ملکی فلموں کی کامیابیوں نے سینئر اور جونیئر فلمسازوں اور ہدایتکاروں کو ایک نئی راہ دکھا دی ہے ۔ ملکی فلموں کے ریکارڈ ساز بزنس نے بھی فلم انڈسٹری میں ہلچل مچادی ہے ۔ نئے لڑکے و لڑکیاں لیجنڈ فنکاروں محمد علی ، وحید مراد ، سنتوش کمار ، درپن ، حبیب ، کمال ، سدھیر ، سلطان راہی ، شمیم آرا ، صبیحہ خانم ، زیبا علی ، شبنم ، رانی و دیگر کی سدابہار فلموں سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائندہ دنیا سے کیا ۔ ان کا کہنا تھا لیجنڈ فنکار چلے جاتے ہیں ان کو آسانی کیساتھ بھلایا نہیں جاسکتا ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا فی الحال ذاتی طور پر فلم بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ۔ آگے چل کر مزید بہتر حالات ہوئے تو فلم بنانے کے بارے میں سوچا جاسکتا ہے ۔ ماضی میں فلم مٹی کے پتلے بنائی تھی جس میں مزدوروں کے مسائل پیش کئے گئے تھے ۔ اس فلم نے ماسکو فلم فیسٹیول میں نمائندگی کی تھی جس کی پذیرائی دیکھ کر دل خوش ہوا تھا ، آج کے دور میں ایسی فلم بنانا مشکل کام ہے ۔