لاہو( نیوز ڈیسک ) عالمی وباء کورونا کے باعث لاک ڈاؤن کی صورتحال میں اداکارہ میرا نیویارک میں پھنس گئی، اداکارہ میرا نے وطن واپسی کیلئے وزیراعظم عمران خان سے ہاتھ جوڑ کر مدد کی اپیل کردی۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس رقم ختم ہوچکی ہے، ہوٹل کے کمرے میں قید ہوں، ویارک قبرستان میں تبدیل ہورہا ہے، وطن واپس آکر مرنا چاہتی ہوں۔انہوں نے اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان سے وطن واپسی کیلئے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمایوں سعید اور دوسرے فنکاروں کے ساتھ شوٹنگ کیلئے امریکا آئی تھی، وہ سب واپس جا چکے ہیں۔ میں یہاں اکیلی پھنس گئی ہوں۔ عمران خان نے ہمیشہ فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی ہے میری وطن واپسی کے انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس رقم ختم ہوچکی، گزارا مشکل ہوگیا ہے، ہوٹل کے کمرے میں قید ہو کر رہ گئی ہوں۔اداکارہ میرا نے مزید کہا کہ یہاں روزانہ ہزاروں لوگ مر رہے ہیں، نیویارک قبرستان میں تبدیل ہورہا ہے۔ بیرون ملک اس طرح کے حالات میں نہیں مرنا چاہتی، بلکہ اپنے ملک پاکستان میں آکر مرنا چاہتی ہوں۔ واضح رہے عالمی وبا کورونا وائرس سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکا میں ہوگئیں۔ یہاں مجموعی طور پر مرنے والوں کی تعداد 40 ہزار سے بھی بڑھ گئی ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں صورتحال اتنی بدتر ہے کہ دوسرے نمبر پر ہلاکتیں اٹلی میں ہوئیں جبکہ امریکا میں یہ تعداد اٹلی کے مقابلے میں 2 گنا سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔امریکا میں کورونا وائرس سے پہلی موت 29 فروری کو ہوئی تھی۔ اس کے بعد 6 اپریل کو امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار ہوگئی تھی۔ دنیا بھر میں امریکا میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز ہیں جن کی تعداد 7 لاکھ 44 ہزار سے زیادہ ہے۔ دوسری جانب امریکا میں اسکول، کاروبار کی بندش اور سفری پابندیوں کی وجہ سے لاکھوں افراد بیروزگار بھی ہو چکے ہیں۔