پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا نے انکشاف کیا ہے کہ وہ 22 اگست کو شادی کے بندھن میں بندھ کر پیا دیس سدھار جائیں گی۔
لالی وڈ اداکارہ میرا اپنی گلابی انگریزی، متنازعہ بیانات اور فیشن کے باعث شہ سرخیوں میں رہتی ہیں جب کہ اداکارہ اپنی شادی کے حوالے سے بھی مقدمات بھگت چکی ہیں لیکن اب ایک بار پھر میرا نے اپنی شادی کی خبر سے تہلکہ مچا دیا ہے۔ میرا نے جنگ سے گفتگو میں عنقریب ماہ اگست میں شادی کے بندھن میں بندھ جانے کی خبروں کی تصدیق کی ہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی شادی کی تقریبات 5 اگست سے شروع ہوں گی جس میں اس روز ڈیفنس میں مہندی کی تقریب ہے جب کہ شادی 22 اگست کو ہوگی۔
میرا کے مطابق ان کے ولیمے کی تقریب رواں سال نومبر میں ہوگی۔ اداکارہ نے انکشاف کیا کہ وہ شادی کے بعد شوبز کی دنیا کو خیرباد کہہ کر امریکا منتقل ہوجائیں گی۔ میرا نے بتایا کہ ان کے دُلہا کا تعلق شوبز انڈسٹری سے نہیں بلکہ وہ فیملی فرینڈ ہیں اور ان کی شادی اہلخانہ کی مرضی سے ہورہی ہے جس پر سب گھر والےبہت خوش ہیں۔