کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان کی نامور اداکارہ ریما خان نے پہلی بار اپنی نجی زندگی کے حوالے سے خاموشی توڑتے ہوئے اپنی زندگی سے جڑے کئی رازوں سے پردہ اٹھایا ہے۔ پاکستان فلم انڈسٹری کی خوبرو اورنامور اداکارہ ریما خان حال ہی میں ثمینہ پیرزادہ کے شو ’’اسپیک یور ہارٹ‘‘ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنے ماضی اور اپنی زندگی میں آنے والی مشکلات کے حوالے سے پہلی بار کھل کر بات کی۔ اپنے ماضی کے بارے میں ریما نے بتاتے ہوئے کہا کہ والد کی ملازمت چھوٹ جانے کے بعد ان لوگوں نے بہت مشکل وقت دیکھا اورایسا بھی ہوا کہ ہمیں کئی بار بھوکے پیٹ سونا پڑا۔ریما نے کہا اپنے گھر کے حالات کو دیکھتے ہوئے اور اپنے والد کا ہاتھ بٹانے کے لیے میں نے شوبز انڈسٹری جوائن کی اورخدا نے مجھے یہاں بہت کامیابیاں عطا کیں۔ وہ 3 بہنیں اورایک بھائی ہیں اور وہ سب سے بڑی ہیں، گھر کے حالات کی وجہ سے وہ اپنی تعلیم مکمل نہیں کرسکیں تاہم انہوں نے اپنی بہنوں کو اعلیٰ تعلیم دلائی۔اپنی شادی سے متعلق ریما نے میڈیا میں گردش کرنے والی افواہوں کو غلط ثابت کرتے ہوئے کہا کہ جب میری شادی ہوئی اس وقت میری چند ساتھی اداکاراؤں نے یہ افواہ پھیلادی تھی کہ میرے شوہر ڈاکٹر طارق نا صرف پہلے سے شادی شدہ ہیں بلکہ ایک بچے کے باپ بھی ہیں تاہم ایسا کچھ نہیں ہے۔ طارق بھی میری طرح اپنے گھر کے بڑے بیٹے تھے یہی وجہ ہے کہ گھر کی ذمہ داریوں کی وجہ سے ان کی شادی دیر سے ہوئی لیکن میں اب اپنی شادہ شدہ زندگی میں بہت خوش ہوں اور ہمارا ایک چار سال کا بیٹا اذلان ہے جس کے بعد ہماری دنیا مکمل ہوگئی ہے۔ریما نے اپنے شوہر ڈاکٹر طارق کی خوبیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طارق اپنے کام سے اتنی محبت کرتے ہیں کہ شادی کے دوسرے روز وہ مجھے چھوڑ کر اسپتال چلے گئے تھے اپنے مریضوں کو دیکھنے جس پر میں حیران رہ گئی کہ شاید میں ڈاکٹر صاحب کو پسند نہیں آئی اس لیے وہ مجھے چھوڑ کر چلے گئے، تاہم مجھے بعد میں اندازہ ہوا کہ وہ اپنے کام اور مریضوں سے بہت محبت کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ شادی کے دوسرے روز بھی اسپتال چلے گئے تھے۔ریما نے مزید کہا کہ بچپن سے انہیں پڑھائی لکھائی کا بہت شوق تھا لیکن گھر کی ذمہ داریوں کے باعث وہ پڑھائی مکمل نا کرسکی تھیں لیکن اب اپنے بیٹے کو اسکول بھیج کر وہ خود کالج جاتی ہیں اور ماسٹرز کررہی ہیں۔
Post Views - پوسٹ کو دیکھا گیا: 140