معروف اداکارہ یاسرہ رضوی کی عمر 34 سال جبکہ ان کے شوہر کی عمر 24 سال ہے۔ سوشل میڈیا پر جہاں ان کے اس اقدام کو سراہنے والے بھی موجود ہیں تو وہیں بڑی تعداد ایسے افراد کی بھی ہے جو انھیں سخت تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
لاہور: ٹیلی وژن ڈراموں کی معروف ایکٹریس یاسرہ رضوی شادی کے بندھن میں بندھ گئی ہیں، تاہم سوشل میڈیا صارفین نے شادی کرنا ہی ان کیلئے جرم بنا دیا ہے۔ وجہ صرف یہ ہے کہ یاسرہ کی عمر 34 سال اور جبکہ ان کے شوہر عبدالہادی کی عمر 24 سال ہے۔ دونوں کے درمیان 10 سال کے فرق کو لے کر سوشل میڈیا پر یاسرہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں یاسرہ رضوی نے کہا کہ میری اور عبدالہادی کی شادی نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے۔ کئی لوگ جہاں اس اقدام کی تعریف کر رہے ہیں تو بعض کی جانب سے میری اور میرے شوہر کے درمیان عمروں کے فرق کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔یاسرہ رضوی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر بچث چل رہی ہے کہ مرد اور عورت کے درمیان شادی کے وقت عمروں کا فرق مذہبی اور سماجی طور پر کہاں سٹینڈ کرتا ہے۔ اس کے علاوہ جب میں نے حق مہر کی صورت میں اپنے شوہر سے نماز فجر پڑھنے کا مطالبہ کیا تو اس کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور کہا گیا کہ لوگوں سے مختلف بننے کے چکروں میں لوگ ایسی باتیں کہہ دیتے ہیں جو بے وقوفانہ ہوتی ہیں۔یاسرہ نے سوشل میڈیا صارفین کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں مختلف ہوں، مجھے کسی دوسرے فرد کی طرح بننے کی ضرورت نہیں کیونکہ دنیا میں موجود ہر انسان دوسرے سے مختلف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ایک ایسی انسان ہوں، جسے چند لوگ جانتے ہیں یا چند لوگ ہی متاثر ہیں، تو اگر میں نے کم پیسوں میں شادی اور نماز فجر کو اپنا حق مہر رکھنے کی مثال قائم کرنا چاہی تو یہ کسی کا بھی مسئلہ نہیں ہے۔ کیا ہم لوگ صرف اور صرف تنقید کرنا جانتے ہیں؟