اسلام آباد(یس اردو نیوز) جنوبی پنجاب کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کی تعیناتی پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان کیلئے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے خواب کی تعبیر عمل میں آ چکی ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کی تعیناتی عمل میں آ چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میری دونوں افسران سے بات ہوئی وہ اپنا چارج سنبھالنے کیلئے تیار ہیں وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انہیں پوری طرح بریف کر دیا ہے کہ ہماری ان سے توقعات کیا ہیں۔جنوبی پنجاب کے حوالے سے ویڈیو بیان میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ میں جنوبی پنجاب کے ایک منتخب نمائندے کی حیثیت سے وزیر اعظم پاکستان اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ جنوبی پنجاب کے صوبے کا وہ خواب جو ہم نے اپنے منشور میں سمویا تھا آج اس کی عملی تعبیر کا آغاز ہو چکا ہے۔ جنوبی پنجاب کے لوگوں کو اب اپنے کاموں کے سلسلے میں لاہور جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ان کے پولیس سے متعلقہ معاملات اور انتظامی معاملات ملتان اور بہاولپور میں ہی حل ہوںگے۔ دونوں افسران بہاولپور اور ملتان دونوں جگہوں پر اپنے دفاتر قائم کریں گے اور وہاں بیٹھ کر عوام کے مسائل کریں گے، یہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے حوالے سے بھی انتہائی اہم قدم ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ نیشنل فنانس ایوارڈ کی طرح پرونشل فنانس ایوارڈ بھی انتہائی ضروری ہے۔کابینہ کے فیصلے کے مطابق جب پرونشل فنانس ایوارڈ کا نفاذ ہو گا تو ضلعوں کو ان کی آبادی، ان کی ضروریات اور ان کی محرومیوں کو سامنے رکھتے ہوئے فنڈر دستیاب ہوں گے۔اب ماضی کی طرح جنوبی پنجاب کے فنڈر کو کسی دوسری مد میں تبدیل کر کے خرچ نہیں کیا جا سکے گا۔ اب جنوبی پنجاب کا پیسہ جنوبی پنجاب پر خرچ ہوگا۔یہ بہت بڑا قدم ہے جسے ہم سراہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اب جنوبی پنجاب کے لوگوں کو ان کے گھروں کے قریب انصاف میسر آئے گا۔