کراچی کے میئر کا انتخابات شو آف ہینڈز کے ذریعے کرانے کیلئے سندھ حکومت کی اپیل پر سماعت دس مارچ تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
اسلام آباد: (یس اُردو) سپریم کورٹ میں جسٹس گلزار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سندھ حکومت کی اپیل پر سماعت کی۔ سندھ حکومت کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ عدالت کا وقت زیادہ ہو چکا ہے، مجھے بحث کرنے میں وقت لگے گا، وکیل ایم کیو ایم فروغ نسیم نے کہا کہ اگر آج بحث نہیں کر سکتے تو کل تک ملتوی کر دیں۔
جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دئیے کہ کل سماعت کرنا ممکن نہیں، کیس کی سماعت دس مارچ تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ سندھ حکومت نے میئر کا انتخاب شو آف ہینڈز سے کرانے کے لئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے۔ سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میئر کے انتخاب کیلئے خفیہ رائے شماری کا حکم دے رکھا ہے۔