اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما سیف اللہ نیازی نے ایک خط کے ذریعے اسلام آباد کے ڈی چوک میں چار اکتوبر کو سیاسی قوت دکھانے کی اجازت مانگی تھی۔ خط میں کہا گیا تھا کہ جلسے میں عمران خان مہمان خصوصی ہونگے۔ کارکنوں کی بڑی تعداد کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی بھی فراہم کی جائے۔
اسلام آباد انتظامیہ نے جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمد کی جانب سے بھجوائے گئے جواب میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ریڈ زون میں سیاسی سرگرمیوں پر پابندی ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں دفعہ ایک سو چوالیس بھی نافذ ہے۔
لہذا جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اسلام آباد کے کسی دوسرے علاقے میں جلسے کیلئے بھی این او سی کی ضرورت ہو گی جس کے لئے ابھی تک کوئی درخواست نہیں ملی۔ تحریک انصاف ڈی چوک کے علاوہ کہیں جلسہ کرنا چاہتی ہے تو مکمل تفصیلات کے ساتھ این او سی کیلئے درخواست دے۔