ممبئی: فلم ’’مام‘‘ میں پاکستانی فنکار عدنان صدیقی اور سجل علی بھارت سمیت پاکستانی شائقین پر بھی اپنی اداکاری کی دھاک جمانے میں کامایب ہوگئے فلم میں دونوں کی اداکاری کو شائقین کی جانب سے بے حد پزیرائی حاصل ہورہی ہے۔
بھارتی لیجنڈ اداکارہ سری دیوی،نوازالدین صدیقی، اکشے کھنا، سجل علی اور عدنان صدیقی کی فلم ’’مام‘‘ گزشتہ روز بھارت اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلزی کردی گئی بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کو پاکستان کے تقریباً تمام بڑے شہروں کے سنیما گھروں میں 105 اسکرینز پر نمائش کیلئے پیش کیا گیا ہے ، شائقین کی جانب سے سجل علی اور عدنان صدیقی کی پرفارمنس کو بےحد سراہا جارہا ہے۔ فلم کی کہانی نوعمر لڑکی کے ساتھ زیادتی اور اپنی بیٹی پر ہونے والے ظلم کا بدلہ لینے کیلئے ایک ماں کی کوششوں کے گرد گھومتی ہے، فلم میں سری دیوی محبت کرنے والی ماں اور سجل علی ان کی بیٹی کا کردار ادا کررہی ہیں ، سجل نے فلم میں مظلوم لڑکی کا کردار اتنی خوبصورتی سے نبھایا ہے کہ دیکھنے والوں کو حقیقت کا گمان ہوتا ہے جبکہ عدنان صدیقی سری دیوی کے شوہر کے روپ میں جاندار اداکاری کرتے نظر آئے ، ان کے علاوہ فلم میں نوازالدین صدیقی فلم کی ریلیز سے قبل ہی اپنے منفرد روپ کے باعث میڈیا کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے جبکہ اکشے کھنا بھی طویل عرصے بعد پولیس انسپیکٹر کے جاندار کردار میں نظر آئے،گو فلم کی کہانی ظلم اور بدلے جیسے پرانے موضوع کے گرد گھومتی ہے لیکن سری دیوی، سجل علی اور عدنان صدیقی کی مضبوط اور شاندار اداکاری نے لوگوں کواپنا گرویدہ کرلیا۔
بھارتی میڈیا میں پاکستانی اداکارہ سجل علی کی اداکاری اور خوبصورتی کی بے حد تعریف کی جارہی ہے ، جبکہ ان کے اسٹائل کو لاجواب قراردیتے ہوئے کہا جارہا ہے کہ انہوں نے اپنی اداکاری سے پورے بھارت کو دیوانہ بنادیا ہے، دوسری جانب چند روز قبل سجل علی نے بھی اپنی پہلی بھارتی فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنی فلم کی ریلیز پر بے تحاشہ خوش ہیں ، اس فلم سے انہیں بہت سی توقعات وابستہ ہیں ہمیں یقین ہے کہ سجل اور عدنان کی جانداراداکاری کے باعث ان کے سامنے بھارتی پروڈیوسرز اور ہدایت کاروں کی لائن لگ جائے گی۔
بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش نے دو روز قبل ٹویٹر پر فلم کو شاندار قرار دیتے ہوئےتمام اداکاروں اور ہدایت کار کی کارکردگی کو خوب سراہا تھا انہوں نے فلم کے موضوع ، اسکرپٹ اور موسیقی کی بھی تعریف کی تھی۔
واضح رہے کہ بونی کپور، سنیل منچندا اور زی اسٹوڈیوکی مشترکہ پروڈکشن میں بننے والی فلم ’’مام‘‘ کی ہدایت کاری کے فرائض نامور ڈائریکٹر روی اودے وار نے انجام دئیے ہیں جبکہ میوزک آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان نے ترتیب دیا ہے۔