وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ موسم کی صورتحال کا پیشگی جائزہ لینے کے لئے جدید وارننگ سسٹم بارے گزشتہ برس کے فیصلے پر عمل نہ ہونا افسوسناک ہے۔
لاہور: (یس اُردو) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت تین گھنٹے طویل اجلاس میں صوبے میں پری مون سون سیزن اور ممکنہ سیلاب سے بچاؤ کے پیشگی حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کسی بھی ناگہانی صورت میں فوڈ آئٹمز کی دستیابی اور فراہمی کا پلان پیش نہ کرنے پر متعلقہ حکام کی سرزنش کی اور پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ضروری آلات و اشیاء کا بروقت آرڈر نہ دینے پر اظہار برہمی کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ موسم کی صورتحال کا پیشگی جائزہ لینے کے لئے جدید وارننگ سسٹم بارے گزشتہ برس کے فیصلے پر عمل نہ ہونا افسوسناک ہے، صوبائی کابینہ کمیٹی برائے فلڈ کو فیصلوں پر عملدرآمد کے لئے متحرک اور فعال کردار ادا کرنا چاہئے تھا۔ وزیر اعلیٰ نے کل سے فلڈ وارننگ سنٹر کو فعال کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔