اسلام آباد(ایس ایم حسنین) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک کے معاشی تھنک ٹینک کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کے بعد مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تھنک ٹینک کا مقصد بینکنگ، تجارت اور معیشت کے ماہرین کے ساتھ مل کر پاکستانی معیشت کی بہتری پرغور کرنا ہے۔ تھنک ٹینک اجلاس میں قرضوں کی سہولیات کو بڑھانے کیلیے اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ معاشی شعبوں میں ڈیجیٹائزیشن کو فروغ دیا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعمیرات کے شعبے میں وزیراعظم کے ویژن کے مطابق اقدامات کو عملی جامہ پہنایا جائیگا۔ ضرورتمند پاکستانیوں تک پیسہ پہنچانے اور اس سلسلے میں تخریبی عناصر کی سرکوبی کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائینگے۔