اسلام آباد: وزیرا عظم کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد نے سعودی عرب کو پاکستان کے تین پاور پلانٹس کی نجکاری میں شریک ہونے کی پیشکش کر دی ہے۔ عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی کمپنیاں حویلی بہادر شاہ اور بلوکی پاور پلانٹس کی نجکاری میں حصہ لیں
کیونکہ اس میں کاروبار اور ترقی کے بہت زیادہ مواقع ہیں یہی نہیں سعودی کمپنیوں کا یہ اقدام پاکستان کے لیے ترقی اور خوشحالی کا نیا دور ثابت ہو گا ۔ عبدالرزاق داؤ د کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ آئل ریفائنرنگ ، پٹرو کیمیکل سیکٹر، قابل تجدید ذرائع توانائی، معدنیات اور سعودی فنڈ فار ڈیویلپمنٹ کے تحت فنانسنگ کے معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے،سعودی عرب کی سرمایہ کاری چین کے مقابلے میں نہیں،چین کی سرمایہ کاری کا ہدف صنعت اور زراعت ہے،سعودی عرب کی تمام سرمایہ کاری کمرشل بنیاد پر ہو گی،سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم پاکستان کی زیر صدارت سپریم کوآرڈینیشن کونسل بنائی جائے گی،کونسل سرمایہ کاری کی نگرانی کرے گی،بھارت نے پاکستان کا پسندیدہ ترین ملک کا درجہ ختم کر دیا ہے ،ہم جذباتی فیصلہ نہیں کریں گے۔ جمعہ کو مشیر تجارت عبدالرازق داؤد نے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے کے دوران سعودی عرب کے ساتھ حکومتی سطح پر چار معاہدے تیار ہیں،آئل ریفائنرنگ اور پٹرو کیمیکل سیکٹر، قابل تجدید ذرائع توانائی، معدنیات اور سعودی فنڈ فار ڈیویلپمنٹ کے تحت فنانسنگ کے معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ عبد الرزاق داؤد نے کہاکہ چین کی سرمایہ کاری کا بہت فائدہ ہوا،سعودی عرب کی سرمایہ کاری چین کے مقابلے میں نہیں۔